فیملی نے مجھے پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی:مشفیق الرحیم

فیملی نے مجھے پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی:مشفیق الرحیم

ڈھاکہ: بنگلہ دیشی وکٹ کیپر بیٹسمین مشفق الرحیم نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی فیملی نے انہیں پاکستان کے دورے پر جانے کی اجازت نہیں دی اور سکیورٹی مسائل کی وجہ سے ہی انہوں نے پی ایس ایل میں بھی نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا جس کے میچز اب پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے فائنل کے بعد ان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وہ پہلے بھی واضح کر چکے ہیں کہ فیملی انہیں پاکستان جانے سے روک رہی ہے اور ان کی پریشانی کے پیش نظر وہ اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کر سکتے کیونکہ انہوں نے بورڈ کو بھی اپنے فیصلے سے مطلع کردیا تھا جسے تسلیم کرلیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیریز سے دستبرداری آسان فیصلہ ہرگز نہیں تھا لیکن جب فیملی کی جانب سے مخالفت ہو تو ان کیلئے کرکٹ زندگی سے بڑھ کر نہیں ہے۔

مشفق الرحیم نے اعتراف کیا کہ پاکستان میں سکیورٹی صورتحال حالیہ عرصے میں بہتر ہوئی ہے لیکن وہ مزید دو سے تین سال انتظار کرنا چاہیں گے اور جب ٹیمیں تواتر کے ساتھ وہاں جائیں گی تو پھر اطمینان کے بعد انہیں جانے میں کوئی اعتراض نہیں ہوگا کیوں کہ وہ 2008 میں بھی پاکستان جا چکے ہیں جو کرکٹ کھیلنے کیلئے بہترین مقام ہے جس کی کمی انہیں لازمی محسوس ہو گی۔