ترکی نے شام میں کرد ملیشیا کے خلاف آپریشن شروع کردیا،ترک وزیراعظم

11:20 PM, 20 Jan, 2018

ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے اعلان کیا ہے کہ ان کی افواج نے شام میں کرد ملیشیا کے خلاف فضائی آپریشن شروع کر دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے شام میں کرد ملیشیا کے خلاف آپریشن کا اعلان اپنے ٹی وی خطاب کے دوران کیا۔بن علی یلدرم کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج نے کرد ملیشیا کو ختم کرنے کے لیے شام کے علاقے آفرین میں فضائی آپریشن شروع کردیا ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان بارہا اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ ترکی شام میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانے جڑ سے اکھاڑ دے گا۔ترک فوج کی جانب سے شام میں شروع کیے گئے آپریشن کو ’اولیو برانچ‘ کا نام دے کر کہا گیا ہے کہ اس مشن کا مقصد کرد ملیشیا اور داعش کا خاتمہ ہے۔

امریکا نے خبردار کیا ہے کہ ترکی کی جانب سے شام میں آپریشن سے علاقہ عدم استحکام کا شکار ہو گا جبکہ روس نے بھی آپریشن اولیو برانچ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس صورت حال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

روس کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انقرہ کی جانب سے شام میں آپریشن کی خبر کے بعد مخالف گروہوں پر زور دیتے ہیں کہ اس کی بھرپور مخالفت کی جائے۔

مزیدخبریں