وزیراعظم نے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کو چیلنج کر دیا

وزیراعظم نے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کو چیلنج کر دیا

بھکر: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لے آئیں۔عوام نے ووٹ اسمبلیاں توڑنے کے لیے نہیں دیئے بلکہ کام کرنے کے لیے دیئے ہیں۔
بھکر میں تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے ہمیشہ صوبوں کو ملانے کی بات کی ہے اور کبھی بھی تفریق کی بات نہیں کی۔ن لیگ کے حصے میں آیا کہ ملک کیلئے ترقی کریں اور عوام کو آگے لے کر جائیں اور یہ سب ہم نے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے 580 کلومیٹر موٹروے بنایا اور ملک بھر میں 5 ہزار کلو میٹر سے زیادہ سڑکیں بن رہیں ہیں۔غریب لوگ قرضہ لے کر علاج کراتے تھے جس سے مزید غربت کا شکار ہوجاتے تھے لیکن اب ان کی ذمہ داری حکومت نے لی اور ہیلتھ کارڈ سے 15 لاکھ گھرانے مستفید ہورہے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالف جماعتوں کے پاس بھی حکومتیں ہیں اور سب نے دعوے کیے لیکن کام کوئی نہیں کرسکا۔انہوں نے کہا کہ انتشار اور دھرنوں میں گھسیٹا گیا لیکن ہم کام کرنے سے نہیں رکے تاہم نواز شریف نے ثابت کیا ہم نعروں والی جماعت نہیں ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ووٹ اسمبلیاں توڑنے کے لیے نہیں دیئے بلکہ کام کرنے کے لیے دیئے ہیں۔