اسلام آباد: پاکستان نے امریکہ اور برطانیہ سمیت ایشیا اور یورپ کے 24 ممالک سے آنے والے سیاحوں کو ملک میں داخلے کے بعد 30 دن کا ویزا دینے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے امیگریشن حکام اور ایف ائی اے کی جانب سے جاری اشتہار کے مطابق یہ سہولت گروہ کی صورت میں سیاحت کے لیے آنے والے افراد کے لیے ہو گی۔ اشتہار میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاحت کے دلدادہ ممالک سے آنے والے افراد پاکستان میں تفریحی دورے کروانے والے اداروں کے توسط یہ ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
اس پیشکش سے استفادہ حاصل کرنے کے خواہش مند افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی امیگریشن اہلکار یا ویزا اہلکار سے اس بابت معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
ان کی جانب سے فراہم کردہ ٹوور آپریٹیرز کی فہرست سے انتخاب کے بعد یہی ٹوور آپریٹر سیاحوں کے لیے مطلوبہ دستاویزات ایف آئی اے کو فراہم کرے گا۔ جن ممالک کے سیاحوں کے لیے آمد پر ویزا کی سہولت دی گئی ہے ان میں آسٹریلیا، بیلجیئم، کینیڈا، چین، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، یونان، آیس لینڈ، اٹلی، جاپان، جنوبی کوریا، لگزمبرگ، ملائیشیا، نیدر لینڈز، ناروے، پرتگال، سنگاپور، سپین، سویڈن، تھائی لینڈ، برطانیہ اور امریکہ شامل ہیں۔
اشتہار میں کہا گیا ہے کہ ’سیاح پاکستان کے لیے اثاثہ ہیں اور ایف آئی اے کا امیگریشن کا شعبہ آپ کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہے اور آپ کی پاکستان آمد اور روانگی کو پریشانیوں سے پاک بنانے کے لیے کوشاں ہے۔‘
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں