ممبئی:بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اپنے 25 سالہ کیرئیر میں تقریباً ہر طرح کا کردار نبھا چکے ہیں لیکن ابھی بھی ایک کردار ہے جو انہوں نے نہیں نبھایا اور اب وہ بھارت کے معروف شاعر ساحر لدھیانوی کے کردار میں نظر آئیں گے۔
بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار سنجے لیلیٰ بھنسالی خان کو ساحر لدھیانوی کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں کاسٹ کرنا چاہتے ہیں۔
شاہ رخ خان کو فلم اسکرپٹ پسند آیا ہے اور وہ اس پروجیکٹ کے حوالے سے جلد ہی سنجے کے ساتھ ملاقات کریں گے۔
کنگ خان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انہوں نے اس پروجیکٹ کے بارے میں ریڈ چلی پروڈکشن ہاؤس میں تقریباً دو سال قبل سنا تھا لیکن سنجے اسے پہلے ہی حاصل کرچکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ رئیس کی ریلیز کے بعد وہ پروجیکٹ کے بارے میں کوئی فیصلہ کریں گے،جبکہ سنجے بھی اس وقت فلم”پدماوتی”سے فارغ ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ خان ان دنوں فلم رئیس کی تشہیر میں مصروف ہیں جبکہ اس کے ساتھ وہ آنند لعل رائے کی فلم میں ایک پستہ قد آدمی کا کردار بھی نبھا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ساحر لدھیانوی کا اصل نا م عبدل الحئی ہے ،وہ بولی وڈ کے معروف شاعر ہیں جنہوں نے متعدد فلموں کے لیے شاعری لکھی ہے ،انہیں فلم فئیر ایوارڈ کے ساتھ بھارتی اعزاز پدماشری سے بھی نوازا جا چکا ہے۔