کرم میں پولیس اور ایف سی کی مشترکہ کارروائی، 18 دہشت گردوں سمیت 30 افراد گرفتار

07:20 PM, 20 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

کرم:پولیس اور سکیورٹی فورسز نے کرم کے مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائی کے دوران 18 دہشت گردوں اور 12 سہولت کاروں سمیت 30 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ضلع کرم کے لوئر کرم میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن کیا۔ اس آپریشن کے دوران 18 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے بعض دہشت گردوں نے پاراچنار جانے والے 30 سے زائد ٹرکوں کو لوٹنے کے بعد 19 ٹرکوں کو نذر آتش کیا تھا۔ علاوہ ازیں، بارہ سہولت کار بھی پکڑے گئے، جو دہشت گردوں کی مدد کر رہے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان گرفتاریوں کے بعد کرم، اورکزئی اور کوہاٹ میں مزید چھاپے جاری ہیں تاکہ دیگر دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع کرم میں بگڑتی امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر لوئر کرم کے چار دیہات اوچت، مندوری، دادکمر اور بگن خالی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان علاقوں میں شرپسند عناصر کے خلاف سرچ آپریشن کیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، ان کارروائیوں کا مقصد عوام کو محفوظ رکھنا اور دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں کرنا ہے۔ حکومت نے ان علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی مدد سے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
پاراچنار اور ٹل کو ملانے والی واحد مرکزی شاہراہ گزشتہ 142 دن سے بند ہے، جس کے سبب مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تقریباً 1500 طلباء اور 2000 اوورسیز پاکستانی اس وقت محصور ہیں۔ کئی شہریوں کے ویزے ایکسپائر ہو چکے ہیں، اور طلبہ کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
اس کے علاوہ، پبلک ٹرانسپورٹ کی مکمل بندش نے شہریوں کو روزمرہ کے سفر میں مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ بلیک مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ شہریوں اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے حکومت سے فوری طور پر شاہراہ کھولنے کی درخواست کی ہے تاکہ مقامی افراد کو مشکلات سے نجات مل سکے۔

مزیدخبریں