پنجاب حکومت کا نکاسی آب کے نظام کو جدید بنانے کا فیصلہ، میگا پلان کی منظوری

پنجاب حکومت کا نکاسی آب کے نظام کو جدید بنانے کا فیصلہ، میگا پلان کی منظوری

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام بڑے شہروں میں نکاسی آب اور فراہمی آب کے جدید نظام کے لیے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں اس منصوبے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں سیوریج اینڈ ڈرینج سسٹم کے میگا پلان کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت ایک لاکھ سے زائد آبادی والے 189 شہروں میں سیوریج، واٹر ڈرینج، بارش کے پانی کا نکاس، گلیوں کی فرش بندی اور دیگر ترقیاتی کاموں کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔

پنجاب میں پہلی بار سیوریج بائی پاس اور ڈسپوزل سٹیشنز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، بارش کے پانی کے فوری نکاس کے لیے سٹوریج ٹینک بھی بنائے جائیں گے تاکہ ذخیرہ شدہ پانی کو آبپاشی اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب پروگرام سے صوبے کے 15 کروڑ عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیوریج کا جدید اور محفوظ نظام شہروں کی سڑکوں کو ٹوٹ پھوٹ سے محفوظ رکھے گا اور نکاسی آب کے مسائل کو حل کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

مریم نواز نے اس منصوبے کی فوری عملدرآمد کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی، ساتھ ہی سیوریج اور واٹر سپلائی کی لائنوں کو مناسب فاصلے پر بچھانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا تاکہ صاف پانی کی فراہمی کو گندے پانی سے محفوظ رکھا جا سکے۔

مصنف کے بارے میں