یوکرین کی حمایت میں برطانیہ، جرمنی اور فرانس کا مشترکہ اعلان

یوکرین کی حمایت میں برطانیہ، جرمنی اور فرانس کا مشترکہ اعلان

لندن: برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے یوکرین کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اس کے ساتھ اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ یوکرین کو ہماری مکمل حمایت حاصل ہے اور صدر زیلنسکی کو عوام نے منتخب کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کی وجہ سے صدر زیلنسکی کا دور طویل ہو گیا ہے، مگر ان کی قیادت میں یوکرین کی جدوجہد جاری ہے۔

جرمن چانسلر اولاف شولس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے زیلنسکی کو ’’ڈکٹیٹر‘‘ کہنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی زبان کا استعمال غیر ضروری اور خطرناک ہے۔ جرمن وزیر خارجہ اینا لینا شارلٹ نے کہا کہ طویل مدتی امن کے قیام کے لیے یورپ کا فعال کردار ضروری ہے اور ہم یوکرین کے لیے اپنی حمایت مزید بڑھائیں گے۔

فرانسیسی صدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانس یوکرین کے ساتھ کھڑا ہے اور وہاں امن کا قیام صرف مستحکم اور قابل اعتماد ضمانتوں کے ذریعے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں اور یورپ میں امن و سلامتی کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو یورپ کی سلامتی کے خدشات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے اور یورپ کو اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔