لاہور : پاکستانی فلم انڈسٹری کی جانی مانی اداکارہ تمنا بیگم کو مداحوں سے بچھڑے 13 برس گزر گئے۔ تمنا بیگم نے اپنی جاندار اداکاری سے پاکستانی فلموں میں اپنا منفرد مقام بنایا، خاص طور پر ان کے منفی کردار، جیسے ظالم ساس اور سوتیلی ماں، کو فلم بینوں نے بے حد پسند کیا۔
تمنا بیگم 16 مارچ 1944 کو لاہور میں پیدا ہوئیں اور بعد ازاں کراچی منتقل ہو کر یہاں مستقل سکونت اختیار کی۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1960 کی دہائی میں ریڈیو پاکستان سے بطور صداکارہ کیا، اور پھر تھیٹر میں بھی اپنے فن کا لوہا منوایا۔ 1970 کی دہائی میں انہوں نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور 1980 تک کئی مقبول اور یادگار فلموں میں کام کیا۔ ان کی مقبول فلموں میں "الزام"، "ناداں"، اور "بھروسہ" شامل ہیں، جن میں ان کے منفی کرداروں کو بے حد سراہا گیا۔
پاکستان فلم انڈسٹری کے زوال کے بعد تمنا بیگم نے ٹی وی ڈراموں میں بھی شاندار اداکاری کی اور اس میدان میں بھی اپنی پہچان بنائی۔ ان کی شاندار کردارنگاری کے اعتراف میں انہیں کئی ایوارڈز بھی ملے، جن میں دونگار ایوارڈ، بولان ایوارڈ، امن ایوارڈ، اور اعتراف کمال ایوارڈ شامل ہیں۔
2004 میں ان کی آخری فلم "گجر دا کھڑاک" تھی، جو پنجابی زبان میں تھی۔ معروف اداکارہ تمنا بیگم 20 فروری 2012 کو جہان فانی سے کوچ کر گئی تھیں، لیکن ان کی یادگار اداکاری آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔