مری : ملکہ کوہسار مری میں طویل وقفے کے بعد برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا، جس سے علاقے میں سفید چادر پھیل گئی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق مری کے اونچے پہاڑوں پر 5 انچ تک برف پڑ چکی ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں بعض مقامات پر بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور تمام شاہراہوں سے برف صفائی کا عمل جاری رکھا گیا ہے تاکہ ٹریفک رواں دواں رہے۔ اس کے علاوہ، ضلعی انتظامیہ نے 13 سہولت سنٹرز قائم کیے ہیں جہاں ریسکیو اہلکار ایمرجنسی ریسورسز کے ہمراہ موجود ہیں۔
مری میں برفباری کے دوران سیاحوں کے لیے ڈپٹی کمشنر ضلع مری آغاذہیر عباس شیرازی نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں شہریوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیاحوں کو مکمل فٹ اور فور ویل گاڑی لے کر آنے کی سفارش کی گئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ سیاح اپنے گاڑیوں کا فیول ٹینک بھر کر آئیں، گاڑی سلپ ہونے کی صورت میں ٹائر پر چین کا استعمال کریں، اور روڈ کے اوپر گاڑی کھڑی کر کے سلفی نہ بنائیں۔ ٹریفک وارڈنز کی ہدایات پر عمل کرنے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ برفباری کے دوران کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔