کراچی: بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شکیب الحسن پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 ادھوری چھوڑ کر امریکہ روانہ ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شکیب الحسن پشاور زلمی کو چھوڑ کر اچانک امریکہ روانہ ہوئے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ فیملی میں ایک ایمرجنسی کی وجہ سے سکواڈ کو چھوڑنے پر مجبور ہوئے جبکہ ان کی جگہ عظمت اللہ اورکزئی پشاور زلمی کا حصہ بن گئے ہیں۔
پشاور زلمی کے پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کرنے کی صورت میں شکیب الحسن کی واپسی متوقع ہے جن کا کہنا تھا کہ میں عارضی طور پر لیگ چھوڑ کر جا رہا ہوں، مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میرے بہت چاہنے والے اور ان کے سامنے کھیلنا بہت ہی اچھا لگتا ہے، لیگ کے دوسرے ہاف میں واپس لوٹ کر پشاور زلمی کو پھر سے چیمپین بنوانے کی مہم کا حصہ بنوں گا۔