دنیا بھر کے کرپٹ سیاستدانوں اور ڈکٹیٹرز کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات منظر عام پر 

11:55 PM, 20 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

زیورخ : دنیا بھر کے کرپٹ سیاستدانوں ، ڈکٹیٹرز ، مجرموں اور جاسوسوں کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات منظرعام پر آگئی ہیں۔ کریڈٹ سوئس بینک کے 18 ہزار اکاؤنٹس کا ریکارڈ لیک کردیا گیا ہے۔

نیو نیوز کے مطابق کئی ڈکٹیٹرز، سیاستدانوں اور مافیاز سے تعلق رکھنے والے افراد کے کھاتے بھی شامل ہیں۔  اکاؤنٹس میں 100 ارب سے زائد ڈالر موجود ہیں۔ 

کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خلاف کام کرنے والی عالی تنظیم آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پراجیکٹ کا کہنا ہے کہ 18 ہزار اکاؤنٹس ہولڈرز میں سے کچھ وہ لوگ بھی شامل ہیں جن کا بینک اکاؤنٹ ہی نہیں کھلنا چاہیے تھا۔

او سی سی آر پی کے مطابق سوئس کریڈٹ میں اردن کے بادشاہ شاہ عبد اللہ کے صرف ایک اکاؤنٹ میں 223 ملین ڈالر پڑے ہوئے ہیں جبکہ حالیہ دنوں میں اردن کو زر مبادلہ کی شدید کمی کا سامنا تھا۔ مصر کے ایک خفیہ ادارے کا سربراہ، جرمن عہدیدار، وینزویلا کے بزنس مین اور آذربائیجان کا ایک امیر ترین شخص بھی ان افراد میں شامل ہے جن کا نام ان خفیہ اکاؤنٹس میں سامنے آیا ہے۔

رپورٹ میں قازقستان کے صدر کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات سامنے آئی ہیں جن میں کروڑوں ڈالر پڑے ہیں۔  100 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے ان بینک اکاؤنٹس پر او سی سی آر پی اور 47 دیگر میڈیا کے اداروں نے تحقیق کی ۔

سوئس قوانین کے تحت بینکوں سے متعلق جو بھی خفیہ باتیں منظر عام پر لائے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ اس خوف سے سوئٹزر لینڈ کا کوئی میڈیا ادارہ ان تحقیقات میں شامل نہیں ہوا۔ 

او سی سی آر پی کا کہنا ہے کہ یہ تو ابھی شروعات ہیں بینک اکاؤنٹس کی مزید تفصیلات آئندہ چند دن میں شائع کی جائیں گی۔ 

مزیدخبریں