لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا اللہ کا شکر ہے کہ تینوں حلقوں میں ہماری جماعت کو کامیابی ملی ہے اور عوام نے ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کو سپورٹ کیا ہے جبکہ عوام جاگتے رہے اور ووٹ چوروں کو پکڑا کیونکہ عوام ووٹ چوروں کے چہروں کو پہنچاتی ہے۔اختیار ولی کو الیکشن جیتنے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں جبکہ نوشہرہ میں جا کر ہی پتہ چل گیا تھا کہ الیکشن ہم جیتیں گے اور میاں نواز شریف کا بیانیہ وہاں جیت گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کارکنوں نے دھاندلی کے ماحول کے باوجود باہر نکل کر ووٹ دیا جبکہ عوام دھونس اور دھاندلی کے سامنے ڈٹے رہے تاہم ایک سیٹ کے لئے دو نوجوانوں کی جانیں چلی گئیں اور پولیس رات کو مسلم لیگ (ن) کی رہنما رانا ثنااللہ کو گرفتار کرنے گوندل ہاوس آئی۔ تاہم جب پولیس انہیں گرفتار کرنے آئی تو انہیں پتا چلا کہ یہ کیس تو ان پر بنتا ہی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے نوشہرہ میں ان کے گھر میں گھس کر مارا اور مخالفین کو پتہ تھا کہ یہ ہاریں گے لیکن ان کو یہ معلوم نہیں تھا کہ بُری طرح سے ہاریں گے۔
لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن کا جیتنا حکومت کے لیے موت سے بدتر ہے اور ہماری جیت سے ان کے حواس باختہ ہو جاتے ہیں جبکہ حکومتی عہدیداروں کو نہیں پتہ تھا کہ یہ اتنی بری طرح ہاریں گے۔ پی ٹی آئی کے لوگوں نے فائرنگ کر کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلایا۔