صرف ووٹ نہیں الیکشن کا عملہ بھی چوری ہو جاتا ہے : مریم نواز شریف

03:53 PM, 20 Feb, 2021

لاہور: مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صرف ووٹ ہی نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا عملہ بھی چوری ہو جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنی ایک ٹویٹ میں مریم نواز شریف نے این اے 75 ڈسکہ کے انتخاب میں ہونیوالے واقعات کے تسلسل میں ایک ٹویٹ میں الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کیا جانیوالا اعلامیہ بھی ساتھ شیئر کیا۔ مریم نواز شریف نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اب پتہ چلا کہ مافیا کیا ہوتا ہے اور کیسے کام کرتا ہے ؟ صرف ووٹ ہی چوری نہیں ہوتے بلکہ بیچارے الیکشن کمیشن کا عملہ ہی چوری ہو جاتا ہے۔

مریم نواز شریف نے اپنی ایک اور ٹویٹ میں اعلان کیا کہ وہ جلد این اے 75 ڈسکہ کے انتخاب کے حوالے سے اہم انکشافات کرنے والی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پانچ بجے ہونے والی پریس کانفرنس کا انتظار کریں۔ وہ رد نہ کئے جانے والے ثبوتوں کے ساتھ بے نقاب کریں گی۔

یاد رہے کہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب بہت ہی ہنگامہ خیز ثابت ہوئے ہیں ۔ یہ دو لوگوں کی جان بھی لے گئے اور گزشتہ رات پولنگ کا عملہ بھی غائب ہو گیا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے اس حلقے کے نتائج بھی روکنے کا اعلان کر دیا ہے۔

 (بشکریہ نئی بات)

مزیدخبریں