میرا اور یوسف رضا گیلانی کا نہیں، یہ 2 پارٹیز کا مقابلہ ہے: عبدالحفیظ شیخ

03:34 PM, 20 Feb, 2021

لاہور: اسلام آباد سے سینیٹ کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ خواہش ہے سینیٹ انتخابات شفاف طریقے سے ہوں ، میرا اور یوسف رضا گیلانی کا مقابلہ نہیں ، یہ 2 پارٹیز کا مقابلہ ہے۔

گورنر پنجاب چودھری سرور اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ہم الیکشن میں ہیں ، یہ پاکستان کے جمہوری حسن کا حصہ ہے ۔ سینیٹ انتخابات میں جسے بھی ارکان زیادہ ووٹ دیں گے وہ کامیاب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی ارکان کی جانب سے مدعو کرنے پر ان کا مشکور ہوں ، یہ ارکان ملک کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں ، پارٹی ارکان نے مہنگائی اور قیمتیں کم کرنے سے متعلق تجاویز دیں ہیں۔

عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت سنبھالی تو ملک کو خسارے کا سامنا تھا ، حکومت میں آتے ہی فوری طور پر حکومتی اخراجات میں کمی کی گئی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک مشکل حالات میں تھا اسی لئے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا ، وزیراعظم عمران خان نے اس ضمن میں چند مشکل فیصلے کئے ۔ وزیراعظم ، صدر ، کابینہ ، فوجی و سیاسی قیادت نے اپنے اخراجات کم کئے۔

عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان میں عالمی وبا سے پہلے 17 فیصد کی گروتھ لائی گئی ، پوری دنیا میں اس وقت ایکسپورٹ گر رہی ہیں جبکہ پاکستان کی ایکسپورٹ خطے میں بڑھنا شروع ہوچکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں پاکستان کے صاحب حیثیت لوگوں پر ٹیکس بڑھائے گئے ہیں اور ملک میں ڈالر کی قیمت مستحکم کی گئی ہے۔

عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ڈیڑھ کروڑ خاندانوں کو وبا کے دوران مشکلات سے نمٹنے کیلئے امداد دی گئی ، وبائی صورتحال میں مستحق افراد کو بلاتفریق امداد دی گئی۔

مزیدخبریں