اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی ایف بی آر کی کارکردگی کی تعریف ، کہا فیلڈ ورکرز کا سات ماہ میں محصولات کے اہداف حاصل کرنا قابل تعریف ہے۔
اپنی ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ فیلڈ ورکرز کو ایمانداری اور عزم کے ساتھ کام جاری رکھنا چاہئے ، مزید کہا ایف بی آر کا جرات مندانہ ٹیکس آڈٹ کا نفاذ اور انسداد اسمگلنگ اقدامات خوش آئند ہیں۔
دوسری جانب عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت سنبھالی تو ملک کو خسارے کا سامنا تھا ، حکومت میں آتے ہی فوری طور پر حکومتی اخراجات میں کمی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ارکان کی جانب سے مدعو کرنے پر ان کا مشکور ہوں ، یہ ارکان ملک کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں ، پارٹی ارکان نے مہنگائی اور قیمتیں کم کرنے سے متعلق تجاویز دیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک مشکل حالات میں تھا اسی لئے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا ، وزیراعظم عمران خان نے اس ضمن میں چند مشکل فیصلے کئے ۔ وزیراعظم ، صدر ، کابینہ ، فوجی و سیاسی قیادت نے اپنے اخراجات کم کئے۔
عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان میں عالمی وبا سے پہلے 17 فیصد کی گروتھ لائی گئی ، پوری دنیا میں اس وقت ایکسپورٹ گر رہی ہیں جبکہ پاکستان کی ایکسپورٹ خطے میں بڑھنا شروع ہوچکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں پاکستان کے صاحب حیثیت لوگوں پر ٹیکس بڑھائے گئے ہیں اور ملک میں ڈالر کی قیمت مستحکم کی گئی ہے۔
عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ڈیڑھ کروڑ خاندانوں کو وبا کے دوران مشکلات سے نمٹنے کیلئے امداد دی گئی ، وبائی صورتحال میں مستحق افراد کو بلاتفریق امداد دی گئی۔