لاہور: گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ عبدالحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد کی ارکان اسمبلی سے ملاقات ہوئی ، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں اختلافات کی بات میں کوئی حقیقت نہیں۔
عبدالحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد کو میرٹ پر ٹکٹ دیا گیا ہے ، فوزیہ ارشد کو ٹکٹ میرٹ پر دیا گیا وہ پی ٹی آئی کی پرانی ساتھی ہیں۔
عبدالحفیظ شیخ کو سینیٹر بنانے کی ضرورت ہے ، انہوں نے ملک کو مشکلات سے نکالا ، عبدالحفیظ شیخ نے بہت محنت سے ملک کی معیشت کو سنبھالا ہے۔ پی ٹی آئی کے ایم این ایز 100 فیصد متفق ہیں۔
ادھر وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا کہ عبدالحفیظ شیخ جیسے تجربہ کار، زیرک ماہر معاشیات کی ملک کو ضرورت ہے ، یقین ہے عبدالحفیظ شیخ کامیاب ہوں گے۔
شفقت محمود نے ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی کی حکومت میں مسلم لیگ (ن) جیتی کوئی شکایت نہیں ، وزیرآباد میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت میں مسلم لیگ (ن) جیتی تب بھی سب ٹھیک ، ڈسکہ میں پسند کا نتیجہ نہیں تو مسلم لیگ (ن) واویلا کر رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کو ہارنے کا خدشہ ہو تو سب غلط ہو جاتا ہے۔
عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ خواہش ہے سینیٹ انتخابات شفاف طریقے سے ہوں ، میرا اور یوسف رضا گیلانی کا مقابلہ نہیں ، یہ 2 پارٹیز کا مقابلہ ہے ۔ ہم الیکشن میں ہیں ، یہ پاکستان کے جمہوری حسن کا حصہ ہے ۔ سینیٹ انتخابات میں جسے بھی ارکان زیادہ ووٹ دیں گے وہ کامیاب ہوگا۔