پی ایس ایل6، پشاور زلمی کو بڑا دھچکا، وہاب ریاض پہلے میچ سے باہر

02:24 PM, 20 Feb, 2021

لاہور:  پشاور زلمی کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے چھٹے سیزن کے آغاز میں ہی بڑا دھچکا لگ گیا۔ ٹیم کو مایہ ناز باؤلر وہاب ریاض کے بغیر میدان میں اترنا ہو گا۔

پشاور زلمی کو اتوار کو لاہور قلندر کیخلاف کھیلے جانیوالے میچ میں کپتان وہاب ریاض اور کوچ ڈیرن سیمی کی خدمات حاصل نہیں ہوںگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اعلامیہ کے مطابق وہاب ریاض اور ڈیرن سیمی بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کے بعد آئسولیشن میں ہیں اس لیے کل لاہور قلندرز کیخلاف میچ میں وہ ٹیم کے ساتھ نہیں ہونگے۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ پشاور زلمی کے کوچ ڈیرن سیمی اور کپتان وہاب ریاض نے بائیو سیکیور ببل کے باہر کے فرد سے ملاقات کی ۔

ذرائع کے مطابق وہاب ریاض کی جگہ اتوار کو لاہور قلندرز کیخلاف میچ میں پشاور زلمی قائم مقام کپتان کا اعلان کرے گا، اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شعیب ملک ممکنہ امیدوار میں نمایاں ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی نے ایک پریس ریلیز میں بتایا تھا کہ پی ایس ایل میں شامل ایک کھلاڑی وبائی مرض کا شکار ہوا ہے تاہم اسے آئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں