لاہور: ضمنی الیکشن کے اب تک کے آنے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے نوشہرہ میں میدان مار لیا اور تحریک انصاف کی سیٹ لے اڑی۔
قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں نوشہرہ کی نشست پی کے تریسٹھ میں ن لیگ کے امیدوار اختیار ولی نے میدان مار لیا۔ غیرحتمی نتائج کے مطابق اختیار ولی نے 21 ہزار 122 ووٹ حاصل کیے جب کہ پی ٹی آئی کے محمد عمر 17 ہزار 23 ووٹ لے سکے۔
دوسری جانب این اے 75 سیالکوٹ میں (ن) لیگ کی سیدہ نوشین افتخاراور پی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی میں کڑا مقابلہ ہے جب کہ این اے 45 کرم میں جے یو آئی کے جمیل خان اورپی ٹی آئی کے فخرزمان آمنے سامنے ہیں، پی پی 51 گوجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن) کی بیگم طلعت محمود اورپی ٹی آئی کے چوہدری یوسف مد مقابل ہیں۔
پی پی اکیاون میں ن لیگ کا امیدوار آگے ہے جب کہ حکومتی جماعت دوسرے نمبر پر ہے تاہم ضلع کرم کے حلقہ این اے پینتالیس میں پی ٹی آئی کے ملک فخر زمان آگے اور آزاد امیدوار دوسرے نمبر پر ہے۔
پولنگ کے دوران ضمنی الیکشن کے لیے قومی اسمبلی کی سیٹ این اے 75 کے پولنگ اسٹیشن میں ہنگامہ آرائی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے میدان جنگ میں تبدیل ہوگئی۔ ووٹ کاسٹ کرنے کے دوران دو گروپوں میں شدید جھگڑے اور فائرنگ سے 8 افراد زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔