کراچی: کراچی میں ترکی کے قونصل جنرل کا کہنا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان اگلے ماہ پاکستان آئیں گے۔ یوم پاکستان کی تقریبات میں شرکت کے لیے ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کی آمد بھی متوقع ہے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک قونصل جنرل تولگا اوکیک کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان میں ترک صدر پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ترکی کے پاکستان سے بے حد مضبوط روابط ہیں جو ہمیشہ آگے بڑھے ہیں۔ پاکستان سے یکساں تجارت کے خواہاں ہیں اور دفاع کے شعبے میں بھی تعاون بڑھائیں گے۔
ترک قونصل جنرل نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کا حصہ بننے کے لیے پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔
دوسری طرف ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کی آمد بھی اگلے ماہ متوقع ہے۔ ملائیشین وزیراعظم کو عمران خان نے یوم پاکستان کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی ہے۔