چین کا بھارت اور پاکستان کو کشیدگی ختم کرنے کیلئے مذاکرات کا مشورہ

08:45 AM, 20 Feb, 2019

بیجنگ: چینی وزارت خارجہ کے ترجمان چنگ شوانگ کا پریس بریفنگ میں کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت دونوں جنوبی ایشیاء کے اہم ممالک ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں استحکام علاقائی امن، استحکام اور ترقی کیلئے ضروری ہے۔

ترجمان چینی دفتر خارجہ نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں صورتحال عمومی طور پر مستحکم ہے۔ یہ صورتحال مشکل سے بنائی گئی ہے اور اسے برقرار رکھنا تمام متعلقہ فریقوں کی ذمہ داری ہے۔

چنگ شوانگ نے کہا کہ چین کو امید ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام تصفیہ طلب امور کے حل کیلئے مذاکرات کا جلد از جلد آغاز کریں گے۔

پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کو خوشی ہے کہ پاکستان سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کے ساتھ دوستانہ تبادلوں اور تعاون کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک چین کے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کا پائلٹ پراجیکٹ ہے۔ چین باہمی استفادہ کیلئے مشاورت اور تعاون میں پُرعزم ہے۔

چینی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ سال چین کے اسٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران چین اور پاکستان نے راہداری کی تعمیر میں تیسرے فریق کی شرکت پراتفاق کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد یہ تھا کہ راہداری سے نہ صرف چین اور پاکستان کے عوام کو فائدہ پہنچے بلکہ علاقائی اقتصادی تعاون کو فروغ دیا جائے تاکہ ترقی کے مشترکہ ہدف کے حصول کو ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مشاورت اور اتفاق رائے کی بنیاد پر تیسرے فریق کے تعاون کیلئے تیار ہے۔

مزیدخبریں