دبئی:پی ایس ایل تھری کی ٹرافی کی رونمائی دبئی میں کر دی گئی ، تقریب میں تمام ٹیموں کے مالکان اور کپتانوں نے شرکت کی ، نجم سیٹھی نے کہا کہ پر امید ہیں کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم لاہور میں آ کر کھیلے گی ۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل تھری کی ٹرافی کی رونمائی دبئی میں کر دی گئی ، تقریب میں تمام ٹیموں کے مالکان اور کپتانوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ سرفراز احمد نے بطور کپتان پاکستان کو بہت خوشیاں دی ہیں ، شعیب ملک کو اس مرتبہ ملتان سلطان کا کپتان بنایا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ کراچی کنگز کی کپتانی عماد وسیم کو دی گئی ہے ، اس سلسلے میں برینڈن میکلم ہماری مدد کریں گے ، عماد وسیم پاکستان کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی ہیں ، کراچی کنگز جیتی تو عماد وسیم مستقبل کے کپتان بھی ہو سکتے ہیں۔
ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل پاکستان کا بہترین ٹورنامنٹ ہے ، اگر پی ایس ایل کا فائنل جیتے تو کراچی میں آ کر کھیلیں گے۔
سابق کپتان اور آل رائونڈر شاہد آفریدی نے کہا کہ عزت افزائی پر نجم سیٹھی کے شکر گزار ہوں ، پی ایس ایل کی مقبولیت میں ان کا کردار ناقابل فراموش ہے۔