اسلام آباد: کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ پر دفتر خارجہ نے احتجاج کیا اور بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر لیا۔ ڈی جی ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر فیصل نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کیا جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔
رواں برس کے صرف ڈیڑھ ماہ میں ہی 335 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزیاں کی جا چکی ہیں جس میں 15 بے گناہ شہری شہید اور 65 افراد زخمی ہوئے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 15 فروری کو بھی بھارتی فورسز نے بچوں کی اسکول وین کو نشانہ بنایا تھا جس میں گاڑی کا ڈرائیور شہید ہوا۔ معصوم شہریوں بالخصوص بچوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 8 سال کا ایان زاہد شہید ہوا۔ بھارتی فوج کا رہائشی علاقوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ بھارت کنٹرول لائن پر سیز فائر معاہدے کی پابندی کرے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں