لاہور: پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے مرکزی نائب صدر اجمل خان وزیر کو خیبرپختونخواہ اور فاٹا کیلئے پارٹی کا چیف آرگنائزر مقرر کر دیا اور یہاں پاکستان مسلم لیگ کی تنظیم توڑ دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ یہاں اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ، مرکزی سینئر نائب صدور اجمل خان وزیر، محمد یوسف خان ہوتی، امتیاز احمد رانجھا اور خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنے والے پارٹی عہدیداروں نے شرکت کی جن میں میر افضل خان دائودزئی، حیدر خان خلیل، محمد بلال محمد زئی، علامہ مولانا شعیب، آصف سرور، جاسمین بی بی، سید حامد شاہ، ملک جمیل گوہر خان، ظفر خان بھی شامل تھے۔
چودھری شجاعت حسین نے اس موقع پر کہا کہ مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دینے والے ہی اصل مسلم لیگی ہیں جو ابن الوقت ہمارے ساتھ مخلص نہیں وہ کسی اور کے ساتھ کیا مخلص ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام محب وطن پاکستانی ہیں ان کی محرومیاں ختم کر کے انہیں پاکستان کے دوسرے صوبوں کے عوام کی طرح بنیادی انسانی حقوق اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اجمل خان وزیر کو ہدایت کی کہ پارٹی میں نئے لوگوں کو شامل کیا جائے، پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کو اہمیت دی جائے اور ان سب کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر تنظیم سازی کی جائے۔ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ اجمل خان وزیر کی یہ ذمہ داری ہم سب کا متفقہ فیصلہ ہے، میرا پارٹی کا سیکرٹری جنرل اور اجمل خان وزیر کا چیف آرگنائزر مقرر ہونا دونوں کیلئے چیلنج ہے اور ہم اپنی تمام تر صلاحیتوں اور محنت کے ذریعہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ اجمل خان وزیر نے کہا کہ یہ میرے لیے ایک اعزاز ہے اور میں مؤثر اور مضبوط تنظیم نو کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔