لاہور: دبئی میں ہونیوالے اہم اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ، فرنچائز مالکان اور پی ایس ایل انتظامیہ کے لوگوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں دونوں طرف سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور ہی میں کروایا جائے گا۔
تمام فرنچائز کے مالکان نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ غیر ملکی کھلاڑی لاہور آئیں یا نہ لیکن پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں ہی ہو گا۔
پی ایس ایل انتظامیہ نے تمام فرنچائز مالکان کے تحفظات کو بھی دور کر دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 80 فیصد غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان میں فائنل کھیلنے سے انکار کر دیا تاہم ان کھلاڑیوں کو فائنل کیلئے منانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب غیر ملکی کھلاڑیوں کے انکار کی صورت میں دوبارہ ڈارفٹنگ کا عمل بھی زیر غور ہے۔
واضح رہے ملکی کی موجودہ صورتحال کے باعث پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے حوالے سے تمام فرنچائز مالکان کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جا رہا تھا اور خدشہ تھا کہ فائنل سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر لاہور میں نہیں ہو پائے گا۔
اس سے پہلے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کیلئے پاک فوج کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پنجاب حکومت بھی پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے حوالے سے پی ایس ایل انتظامیہ کو فول پروف سیکیورٹی دینے کی یقین دہانی کروا چکی ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں