اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی سے افغانستان کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے تادا میچی یاموٹو نے ملاقات کی جس میں خطے میں قیام امن کی کوششوں پر غور اور اس سلسلے میں پاکستان کے کردار کو سراہا گیا۔ ملاقات کے دوران افغانستان کی سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے امور بھی زیر بحث آئے جبکہ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو افغانستان میں قیام امن کے لئے اپنی اپنی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان میں امن کا قیام افغانستان میں امن سے مشروط ہے۔
اس لئے افغانستان میں قیام امن کے لئے کوشاں اور اس ضمن میں افغان حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے قیام سمیت خطے میں امن کے فروغ دینے کے لئے باہمی تعاون کو فروغ دینے اور موثر بارڈر منیجمنٹ کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں دونوں ملکوں کو اپنا کردار موثر انداز میں ادا کرنا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل باہمی بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہی کارآمد عمل ہے۔ اس لئے افغانستان میں قیام امن کے لئے اقوام متحدہ کو پہلے ہی مشروط کردہ چار ملکی مفاہمتی عمل کو بحال کرنا چاہیئے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں