کوئٹہ: بلوچستان میں انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے حکومت نے انٹر ایجنسیز ٹاسک فورس قائم کر دی ہے، جس میں ایف آئی اے، پولیس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے شامل ہیں۔ یہ ٹاسک فورس غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے والے افراد کی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہی ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق، ٹاسک فورس کا مقصد غیر روایتی راستوں سے انسانوں کی سمگلنگ کو روکنا ہے۔ تفتان میں ایف آئی اے کی ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے، جو انسانی سمگلنگ کے مقدمات درج کر کے اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے۔
حکام کے مطابق، بلوچستان میں 2024 کے دوران انسانی اسمگلنگ کے 23 کیسز درج کیے گئے ہیں، اور اس عرصے کے دوران دو بڑے سمگلنگ نیٹ ورکوں کا خاتمہ بھی کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ بھی صوبے میں اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جائیں گی تاکہ غیر قانونی نقل مکانی کا قلع قمع کیا جا سکے۔
یہ اقدامات صوبے میں انسانی سمگلنگ کے بڑھتے ہوئے مسئلے کو روکنے اور عوام کے لیے مزید تحفظ فراہم کرنے کے لیے اہم قدم ہیں۔