لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے پلیئرز ڈرافٹ کی میزبانی پہلی بار بلوچستان کے شہر گوادر کو دی گئی ہے، جس کا مقصد اس شہر کی ثقافت کو اجاگر کرنا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گوادر، جو پاکستان کے اہم پورٹ سٹی کے طور پر جانا جاتا ہے، 11 جنوری 2025 کو پی ایس ایل 10 کے پلیئرز ڈرافٹ کی میزبانی کرے گا۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ "گوادر کی شاندار ساحلی پٹی اور اس کی اسٹریٹجک اہمیت پاکستان کے معاشی مستقبل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "ہم گوادر میں ایچ بی ایل پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کر کے اس شہر کی معاشی اور ثقافت کی اہمیت کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں۔"
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ "یہ ہمارے لیے فخر کا لمحہ ہے کہ گوادر کو پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی مل رہی ہے، یہ اقدام پی ایس ایل کو پورے پاکستان میں پھیلانے اور دنیا کو پاکستان کی خوبصورتی دکھانے کی ہماری کوششوں کا حصہ ہے۔"
دریں اثنا، پی سی بی نے تقریب کے آغاز کا وقت اور مقام فوری طور پر شیئر نہیں کیا، لیکن پلیئرز کی ریلیگیشن اور ریٹینشن کا اعلان دسمبر کے آخر میں کیا جائے گا۔