پشاور: خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی نے ضلع کرم میں قیام امن کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی نے تمام بنکرز کو ختم کرنے اور علاقے میں موجود اسلحہ واپس لینے کا حکم دیا ہے تاکہ مستقبل میں ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔
یہ فیصلہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کت علاوہ آئی جی پولیس اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی ہے۔
اجلاس کے دوران کرم کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور صوبائی حکومت کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کرم میں قیام امن وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں صوبے کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔
ایپکس کمیٹی نے اس موقع پر فیصلہ کیا کہ کرم کے علاقے میں موجود تمام بنکرز ختم کیے جائیں گے اور اسلحہ واپس لینے کے لیے لوگوں سے مزید بات چیت کی جائے گی۔ اس کا مقصد علاقے میں امن قائم کرنا اور مستقبل میں کسی بھی قسم کے تنازعات سے بچنا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ملاقات کی تھی جس میں کرم میں امن قائم کرنے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔