یورپ : یورپی یونین کے ادارہ برائے پناہ گزین (ای یو اے اے) نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اکتوبر 2023 سے اکتوبر 2024 کے دوران 28 ہزار پاکستانیوں نے یورپی یونین پلس ممالک میں پناہ کے لیے درخواستیں دیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستانیوں کی جانب سے یورپ میں پناہ کی درخواستیں 3400 کے قریب موصول ہوئی تھیں، لیکن اکتوبر 2024 میں اس تعداد میں کمی آئی اور یہ صرف 1900 تک محدود رہی۔
یورپی یونین پلس ممالک میں پاکستانیوں کی پناہ کی درخواستوں میں سب سے زیادہ درخواستیں اٹلی سے موصول ہوئیں، جبکہ فرانس، یونان اور جرمنی بھی پاکستانی پناہ گزینوں کے لیے اہم مقامات رہے۔
"کنٹری فوکس آن پاکستان" کی رپورٹ کے مطابق، یورپی یونین پلس ممالک نے پاکستانی درخواستوں پر 20 ہزار فیصلے جاری کیے، جن میں سے صرف 12 فیصد درخواست دہندگان کو پناہ گزین کا درجہ یا ذیلی تحفظ دیا گیا۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو پناہ کی درخواستوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔