پاکستان کے مختلف شہروں میں سردی کی شدت برقرار

11:03 AM, 20 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور :ملک  کے مختلف شہروں میں سردی کی شدت بدستور برقرار ہے، جہاں شدید سردی اور برفباری کے باعث درجہ حرارت منفی 11 تک گر چکا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت منفی ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ پہاڑی علاقے لہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11، سکردو میں منفی 9، زیارت میں منفی 8، کوئٹہ اور گلگت بلتستان میں منفی 7، اور ستور و دالبندین میں منفی 6 تک گرنے کی اطلاع ہے۔

سردی کے علاوہ، ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند نے بھی شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ اس دھند کے سبب کئی موٹر ویز مختلف مقامات سے بند کر دی گئی ہیں۔اس صورتحال کے پیش نظر  موٹروے ایم ون برہان انٹرچینج سے پشاور تک بند کر دی گئی ہے، جبکہ ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے خانقاہ ڈوگراں تک اور ایم 3 فیض پور سے رجانہ تک بھی بند ہیں۔ اسی طرح، موٹروے ایم 11 محمود بوٹی سے سمبڑیال تک بھی دھند کی وجہ سے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہے۔

موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے، اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں