واشنگٹن : امریکا کے نائب مشیر برائے قومی سلامتی جان فائنر نے کہا تھا کہ پاکستان ایسے بیلسٹک میزائل تیار کر رہا ہے جو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ امریکا جیسے دور دراز اہداف کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔ برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے جان فائنر نے کہا کہ پاکستان جوہری ہتھیاروں سے لیس طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تیار کر رہا ہے، جو اسے جنوبی ایشیا سے باہر کے اہداف کو نشانہ بنانے کے قابل بنا سکتے ہیں۔
جان فائنر نے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے بارے میں مزید کہا کہ اس کے حالیہ اقدامات اس کے مقصد پر سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ان اقدامات پر کھل کر بات کی جائے تو پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو امریکا کے لیے ایک ابھرتے ہوئے خطرے کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔