شہباز شریف اور محسن نقوی کی قومی ٹیم کو جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکباد

10:34 AM, 20 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :  پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ کامیابی کھلاڑیوں، کوچز، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور متعلقہ حکام کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقا میں شاندار کم بیک کیا اور اس جیت کے ذریعے کھلاڑیوں نے اپنی محنت اور غلطیوں سے سیکھنے کا بہترین مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ آئندہ میچز اور چیمپئنز ٹرافی میں بھی ٹیم شاندار کھیل پیش کرے گی، اور اس جیت نے پاکستانی کرکٹ شائقین کو بہترین تحفہ دیا ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی، محسن نقوی نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ اور سیریز جیتنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے جنوبی افریقا کو اس کے ہوم گراونڈ پر شکست دے کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اور اس جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہو گا۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز جیتی، اور محمد رضوان، بابر اعظم اور کامران غلام کی عمدہ بلے بازی نے جیت کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھی پاکستانی ٹیم ایسی ہی شاندار کارکردگی دکھائے گی۔ یاد رہے کہ پاکستان نے تین میچز کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا کو 81 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔

مزیدخبریں