پاکستان نے جنوبی افریقا کو 81 رنز سے شکست دے کر ون ڈے سیریز جیت لی

پاکستان نے جنوبی افریقا کو 81 رنز سے شکست دے کر ون ڈے سیریز جیت لی

کیپ ٹاؤن: پاکستان نے جنوبی افریقا کو دوسرے ون ڈے میچ میں 81 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔ یہ پاکستان کی جنوبی افریقا میں تیسری مرتبہ ون ڈے سیریز جیتنے کی کامیابی ہے، اور اس کے ساتھ ہی پاکستان اکیسویں صدی میں جنوبی افریقا میں تین مرتبہ ون ڈے سیریز جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی ٹیم 49.5 اوورز میں 329 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بابر اعظم نے 73، محمد رضوان نے 80، اور کامران غلام نے 32 گیندوں پر 63 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 5 چھکے شامل تھے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے مفاکا نے 4 اور مارکو یانسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 329 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 248 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ہینرک کلاسین نے 74 گیندوں پر 97 رنز بنائے، لیکن ان کی اننگز ٹیم کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔ پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 47 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ نے 3، ابرار احمد نے 2 اور سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے اس میچ کے لیے اپنی وننگ کمبینیشن برقرار رکھی اور کسی تبدیلی کی ضرورت محسوس نہیں کی، جبکہ جنوبی افریقا کی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئیں۔ پاکستان نے پہلے ون ڈے میں بھی جنوبی افریقا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی، اور اب دوسری جیت کے ساتھ اس نے سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

مصنف کے بارے میں