اسلام آباد : انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کا ضابطہ اخلاق جاری کیاگیا ہے۔ سیاسی جماعتیں ایسی رائے کا اظہار نہیں کریں گی جس سے عدلیہ یا فوج کی شہرت کو نقصان پہنچے یا ان کی تضحیک ہو۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 کے لیے سیاسی جماعتوں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلامیے کے مطابق سیاسی جماعتیں، امیدوار ایسی رائے کا اظہار نہیں کریں گے جو نظریہ پاکستان، ملکی خودمختاری، سلامتی، سالمیت کے خلاف ہو۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں ایسی رائے کا بھی اظہار نہیں کریں گی جس سے عدلیہ یا فوج کی شہرت کو نقصان پہنچے یا ان کی تضحیک ہو۔اس کے علاوہ سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کی تضحیک سے اجتناب کریں گی۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق مخالف امیدوار کو دستبردار یا ریٹائر ہونے کی ترغیب یا اس کے لیے رشوت یا تحفہ دینے سے گریز کیا جائے گا۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق امیداروں کے انتخاب کے وقت خواتین کی 5 فیصد نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا۔سیاسی جماعتیں ایسے معاہدے میں شرکت نہیں کریں گی جس کا مقصد مرد، خواتین اور ٹرانسجینڈر کو امیدوار بننے سے روکنا یا ان کو ووٹ سے محروم کرنا ہو۔