ہمارے لوگوں سے کاغذات نامزدگی چھینے جا رہے ہیں: چیئر مین پی ٹی آئی کا الزام

ہمارے لوگوں سے کاغذات نامزدگی چھینے جا رہے ہیں: چیئر مین پی ٹی آئی کا الزام
سورس: file

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے الزام لگایا ہے کہ اڈیالہ جیل میں شاہ محمود قریشی کے سیکرٹری سے انکے کاغذات نامزدگی چھینے گئے ہیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےچیئر مین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ الیکشن کا اعلان ہوچکا ہے ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن وقت پر ہوں۔ انہوں نے کہا  بانی پی ٹی آئی میانوالی، لاہور اور اسلام آباد سے الیکشن لڑینگے، عمران خان سے کل کاغذات نامزدگی پر دستخط کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کنونشن کرنے نہیں دے رہے، ہمارے لوگوں سے کاغذات نامزدگی چھینے جا رہے ہیں۔اگر لوگوں سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے تو صاف و شفاف الیکشن کا تاثر ختم ہو جائے گا۔  ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے آج جیل میں سادہ کاغذ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

چیئر مین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے اگر ہمارے لوگوں کو روکا گیا تو حالات خراب ہوجائینگے اور ہم نہیں چاہتے کہ حالات خراب ہوں۔ ٹکٹوں کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت چل رہی اس میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔

بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ نواز شریف ہمیشہ امپائر کے ساتھ مل کر کھیلتے ہیں اس دفعہ ہمارے امیدواروں کو میدان میں اترنے ہی نہیں دیا جارہا۔ ہمارا ہمیشہ مطالبہ رہا ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں۔ہم نہیں چاہتے اس وقت الیکشن کمشنر کو ہٹایا جائے نہ ہمارا یہ مطالبہ ہے۔ انہوں نے بارز کا چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کا مطالبہ رد کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے استعفی کے مطالبے کے پیچھے محرکات کچھ اور لگ رہے ہیں۔

دوسری جانب اعتزاز احسن نے بارز کے اعلامیے کو ن لیگ کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ انتخابات سے بھاگنا چاہتی ہے۔ 


اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ یہ کُھرا سیدھا اعظم نذیر تارڑ اور نواز شریف کی طرف جاتا ہے، یہ لندن پلان ہے کہ جو تاریخ نواز شریف چاہتے ہیں انتخابات کے لیے وہی ہو۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما اور سینئر قانون دان حامد خان نے بھی بارز کے مطالبے پر شک کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان بار اور سپریم کورٹ بار کی قیادت جانب دار ہے ، وکلاء کی صحیح ترجمانی نہیں کرتی، یہ لوگ کسی کے اشارے پر ایسا کر رہے ہیں۔

مصنف کے بارے میں