ڈینور: امریکی ریاست کولوراڈو کی سپریم کورٹ نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کیپٹل ہل پر حملے میں ملوث ہونےکے باعث صدارتی انتخابات کے لیے نااہل قرار دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 6 جنوری 2021 کو اپنے حامیوں کے ذریعے حملہ کرایا،کیپٹل ہل پر حملے میں ملوث ہونےکے باعث ٹرمپ صدارتی امیدوار بننے کے اہل نہیں۔ عدالتی فیصلے کا اطلاق صرف کولوراڈو پر ہوگا
خیال رہے کہ امریکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی عدالت نے صدارتی امیدوار کو 1868 کی شق کے تحت نااہل قرار دیا ہے۔ تاہم، ڈونلڈ ٹرمپ 4 جنوری تک کولوراڈو عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کا حق رکھتے ہیں۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم نے عدالتی فیصلے کو غلط اور غیر جمہوری قرار دیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے ترجمان نے فیصلے کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے امریکی سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ کولوراڈو میں ریاستی پرائمری پانچ مارچ کو ہونا ہے۔