اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے قابل قبول ہونے کا فیصلہ اتحادی مل کر کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ اسمبلیو ں کی مدت میں اضافے کیلئے اشتراک اور مشاورت کی ضرورت ہے اور چوہدری پرویز الٰہی سے متعلق کوئی بھی فیصلہ مل کر ہی کریں گے۔
اس موقع پر انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان اسمبلیاں تحلیل نہیں کریں گے کیونکہ ایسا کرنے کی صورت میں ان کی محفوظ پناہ گاہیں ختم ہو جائیں گی۔
مولانا فضل الرحمن نے سابق وزیراعظم کو محسن کش قرار دیا اور کہا کہ جنرل باجوہ اور جنرل فیض حمید سے تو ہمیں شکایات تھیں ، ادارے کے غیر جانبدار ہونے پر ہم مطمئن ہو گئے، اداروں اور عسکری شخصیات کا احترام ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان بیرونی ایجنڈے پر اداروں اور ریٹائرڈ شخصیات پرالزام تراشی کر رہے ہیں جبکہ وہ گائے کی دم پکڑ کر دوبارہ قومی اسمبلی آنا چاہتے ہیں۔
پرویز الٰہی کے قابل قبول ہونے کا فیصلہ اتحادیوں کیساتھ مل کر کریں گے: مولانا فضل الرحمن
11:51 PM, 20 Dec, 2022