لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ (ق) لیگ اتحادی ہے اور ہم مل کر تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کریں گے اور اس کی ناکامی کے بعد اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے اجلاس میں مونس الٰہی نے شرکت کی، پی ٹی آئی اور (ق) لیگ اتحادی تھے اور رہیں گے اور ہم مل کر تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کریں گے، ہمارے پاس ارکان کی تعداد 190 ہے، تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے کے بعد اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے انتخابات سے فرار کا رویہ اختیار کیا ہوا ہے، آپ عوام کے پاس جانا نہیں چاہتے اس لئے الیکشن نہیں کرا رہے، آپ الیکشن جیت نہیں سکتے، عوام آپ کے ساتھ نہیں ہیں، پارلیمانی پارٹی وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی پر اعتماد کا اظہار کرے گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کہتی ہے ریسٹورنٹس رات 8 بجے بند کر دیں، رات 8 بجے بند کر کے ریسٹورنٹس والے کریں گے کیا؟ حکومت کے پاس تیل خریدنے کے پیسے نہیں کہ بجلی بنا سکیں، وفاقی حکومت نے 126 ارب روپے خیبر پختونخوا حکومت کے بھی دینے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماءنے کہا کہ آپ اپنا شوق پورا کر لیں، تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی، اسمبلی تحلیل ہو گی اور انتخابات ضرور ہوں گے، عجیب پارٹی ہے پلیٹیں لندن میں ہیں چمچے سارے ادھر پڑے ہیں۔