اسلام آباد: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں رکن اسمبلی علی وزیر کی رہائی اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سپیکر قومی اسمبلی کے ڈائس کے سامنے احتجاج کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق منگل کے روز پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی سربراہی میں ہوا جس دوران رکن اسمبلی علی وزیر کی رہائی کیلئے سپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج اور نعرے بازی کی گئی جبکہ احتجاج میں سینیٹر مشتاق احمد، رکن اسمبلی محسن داوڑ، رکن اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی اور سینیٹر عابدہ عظیم شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق سینیٹر مشتاق احمد نعرے لگاتے رہے کہ علی وزیر کو رہا کرو،علی وزیر کے پروڈکشن آرڈ جاری کرو،خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے۔ سینیٹر مشتاق احمد نے ہاتھ میں پلے کارڈ اٹھا رکھا تھا جس پر علی وزیر کی رہائی کیلئے نعرے درج تھے جبکہ احتجاج کے دوران وہ اراکین پارلیمنٹ سے درخواست کرتے رہے کہ آؤہمارا ساتھ دیں۔