اسلام آباد: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج بروز منگل سہ پہر 3بجے ہو رہا ہے۔ مشترکہ اجلاس کا 21نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ،اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی کریں گے۔
وزیر برائے موسیماتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان عالمی تبدیلی امپیکٹ اسٹڈیز سینٹر ترمیمی بل 2022 کی منظوری کے لیے تحریک پیش کریں گی۔ قومی اسمبلی اس بل کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے تاہم سینیٹ سے مقررہ 90 دنوں کے اندر منظور نہیں ہوا تھا۔
وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ والدین کے تحفظ کا "دی پروٹیکشن آف پیرنٹس بل 2022 کی منظوری کی تحریک پیش کریں گے۔ قومی اسمبلی مذکورہ بل کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے ۔
وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ترمیمی بل 2022 میں مزید ترمیم کی تحریک پیش کریں گے اس بل کی قومی اسمبلی منظوری دے چکی ہے تاہم سینیٹ سے مقررہ 90 دنوں میں منظور نہیں ہوا تھا۔
وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نرسوں، دائیوں اور لیڈی ہیلتھ وزیٹرز کی رجسٹریشن اور تربیت سے متعلق قوانین میں ترمیم کا بل منظور کرنے کی تحریک پیش کریں گے ۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار وفاقی حکومت کے زیر ملکیت اور زیر کنٹرول سرکاری اداروں کی گورننس اور آپریشن کے انتظام اور مالیاتی کارکردگی بہتر بننے کا بل 2022 پیش کریں گے۔
وزیرتعلیم رانا تنویر حسین تحریک پیش کریں گے کہ پاکستان گلوبل انسٹی ٹیوٹ بل 2022 کی منظوری دی جائے ۔ وزیرانچارج اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پرائیویٹ لون بل 2022 منظوری کے لیے پیش کریں گے۔
وزیرانچارج اسلام آباد کمپلسری ویکسینیشن اینڈ پروٹیکشن آف ہیلتھ ورکرز بل 2022 کی منظوری دی جائے۔ ممبر قومی اسمبلی مہرین رزاق بھٹو تحریک پیش کریں گی کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز بل 2022 منظور کیا جائے۔ممبر قومی اسمبلی مہرین رزاق بھٹوپاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل بل 2022 منظوری کے لیے پیش کریں گی ۔