اسلام آباد:افغانستان کی بنتی بگڑتی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے جہاں پاکستان کی کاوشوں سے اسلامی برادر ی کو افغانستان ایشو پر متحد کیا گیا وہیں اب افغانستان کے مسائل کو لے کر پوری دنیا میں اُجاگر کرنے کیلئے مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم نے اپنا نمائندہ خصوصی افغانستان کیلئے مقرر کر دیا ہے ۔
طارق علی بخیت کو او آئی سی کا نمائندہ خصوصی برائے افغانستان مقرر کر دیا گیاہے ،اس سے قبل وہ اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی ) کے سیکرٹری جنرل ابراھیم حسین طحہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے انسانی، ثقافتی اور سماجی امور تھے۔طارق علی بخیت افغانستان کے لیے انسانی امداد اور مدد کے پروگرام کو مربوط بنائیں گے ،یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ طارق علی بخیت کی تقرری سے او آئی سی اسلام آباد کے اعلامیہ پر عملدرآمد میں مدد ملے گی۔
نمائندہ خصوصی افغانستان کی صورتحال پر او آئی سی سیکرٹریٹ کو رپورٹ دینگےجسے او آئی سی کے پلیٹ فورم پر پیش کیا جائے گا اور پھر اس رپورٹ کی روشنی میں ہی افغانستان ایشو کے مسائل حل کرنے کیلئے آئندہ کا پلان مرتب کیا جائیگا ۔