لاہور : ائیر پاور سینٹر آف ایکسی لنسی میں نمبر 55 کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب منعقد ہو ئی جس میں پاک فضائیہ کے وائس چیف آف دی ائیر سٹاف ائیر مارشل سید نعمان علی مہمان خصوصی تھے۔
مہمانِ خصوصی نے کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "شاندار تربیت پاک فضائیہ کا ہمیشہ سے ایک خاصہ رہی ہے اور ہم اسے ہمہ گیر رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایئر پاور سینٹر آف ایکسی لینس پاک فضائیہ کا بہترین حربی تربیت کا ادارہ ہے اور اس نے مستقبل کے لڑاکا ہوابازوں کی شاندار فضائی حربی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے پی اے ایف کے ایلیٹ ادارے میں ابھرتے ہوئے جنگی تصورات کے نفاذ پر بھی اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
ائیر مارشل سید نعمان علی، وائس چیف آف دی ائیر سٹاف، پاکستان ائیر فورس نے گریجویٹ ہونے والے افسران کواعلیٰ کارکردگی اور پیشہ ورانہ مہارت پر سرٹیفکیٹس اور ٹرافیاں بھی دیں۔ کمبیٹ پائلٹس میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی سکواڈرن لیڈر محمد بلال خان کو دی گئی جبکہ کمبیٹ کنٹرولرز میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر ڈیفنس ٹرافی سکواڈرن لیڈر رانا محمد عابد نے حاصل کی۔
تقریب میں پاک فضائیہ کے پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز نے شرکت کی۔