لاہور: پاکستان انڈر 19 کرکٹ سکواڈ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایشیاءکپ میں شرکت کیلئے دبئی روانہ ہو گیا ہے جو 23 سے 31 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم قاسم اکرم کی قیادت میں یو اے ای میں شیڈول انڈر 19 ایشیا کپ میں حصہ لے گی۔ 23 دسمبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میچز 30 دسمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل میچ 31 دسمبر کو ہو گا۔
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم گروپ اے میں شامل ہیں جو 23 دسمبر کو افغانستان، 25 دسمبر کو بھارت اور 27 دسمبر کو یو اے ای کے خلاف میچ کھیلے گی
ذرائع کے مطابق قومی انڈر 19 سکواڈ ایونٹ کے بعد ویسٹ انڈیز روانہ ہوجائے گا جہاں وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) انڈر 19 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا جو 14 جنوری سے 5 فروری تک کھیلا جائے گا۔