کراچی :سٹیٹ بینک نے ڈالر کے خریداروں کو ایک دن میں زیادہ سے زیادہ 10 ہزار ڈالر کی خریداری کا پابند بنا دیا ،اب کوئی بھی شخص یومیہ نقد یا بیرونی ترسیلات زر کی شکل میں 10 ہزار ڈالر سے زائد کی خریداری نہیں کر سکے گا ۔
نمائندہ نیو نیوز کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ڈالر کی خریداری کے قواعد میں مزید سختی کردی، یہ اقدام اسٹیٹ بینک کی جانب سے کیے گئے دیگر اقدامات کا تسلسل ہے اور اس کا مقصد عوام کی حقیقی ضروریات پوری کرنے کے متعلق مارکیٹ کی صلاحیت متاثر کیے بغیر ایکسچینج کمپنیوں کی جانب سے سٹے بازی پر مبنی خریداری اور فروخت کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
ان ترامیم کے نتیجے میں ایکسچینج کمپنیاں اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ کوئی بھی شخص یومیہ نقد یا بیرونی ترسیلات زر کی شکل میں 10 ہزار ڈالر اور کیلنڈر سال میں ایک لاکھ ڈالر سے زائد کی خریداری نہیں کرے گا، ان حدود کو زرمبادلہ کے لیے فرد کی ذاتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ہر فرد ایک کیلنڈر سال میں موجودہ ضوابط کے تحت بینکوں سے تعلیمی اور طبی اخراجات کی مد میں بالترتیب 70 ہزار ڈالر اور 50 ہزار ڈالر فی انوائس بیرون ملک ترسیل کرنے کی سہولت سے مستفید ہوتے رہیں گے،اس کے علاوہ صارفین کےغیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس کے حوالے سے قواعد میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔