ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے فلموں کی سنیما میں نمائش سے متعلق قوانین کو نرم کرتے ہوئے سنسر شپ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے 21+ ریٹنگ متعارف کرائی گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے ٹوئٹر پر اعلان کیا ہے کہ سینما میں فلموں کی نمائش کے لیے عمر کے حساب سے درجہ بندی 21+ مقرر کردی گئی ہے جس کے بعد سینما گھروں میں 21 سال سے زائد عمر کے فلم بین عالمی ورژن کے مطابق فلمیں دیکھ سکیں گے۔
قبل ازیں متحدہ عرب امارات میں سینما گھروں میں فلموں کو نمائش کے لیے سخت سنسر شپ سے گزرنا پڑتا تھا اور عالمی ورژن کے تحت فلموں کو دکھانے کی ممانعت کے باعث بالغوں کے مواد والی فلموں کی کانٹ چھانٹ یا ایڈٹ کی جاتی تھی۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات خلیجی ممالک میں سب سے زیادہ آزاد خیال ملک تصور کیا جاتا ہے اور حالیہ برسوں میں مزید جدت لانے کے لیے ریاست اپنے قوانین میں مسلسل ترمیمات کر رہی ہے۔
گزشتہ برس متحدہ عرب امارات نے ’سوشل لبرلائزیشن ‘مہم کے تحت غیر شادی شدہ جوڑوں کے ایک ساتھ رہنے پر پابندی اور بغیر شادی کے بچوں کی پیدائش پر سزا ختم کرنے سمیت شراب نوشی سے متعلق پابندیوں میں نرمی کی تھی۔
علاوہ ازیں رواں ماہ کے آغاز میں مغربی طرز پر جمعے کے بجائے ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات کا اعلان کیا ہے اور جمعے کو یوم مسلمہ ختم کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں 10 ملین کی آبادی کا 90 فیصد غیر ملکی شہری ہیں جو زیادہ تر ملازمتوں اور کاروبار کے لیے مقیم ہیں۔