ایڈیلیڈ: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سٹار فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن نے بیٹنگ میں انوکھا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے اور ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ بار ناٹ آؤٹ رہنے والے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جیمز اینڈرسن اپنی شاندار باؤلنگ سے ایک کے بعد ایک ریکارڈ توڑتے رہے ہیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں 634 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کرکٹرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔
تاہم اس بار انہوں نے باؤلنگ میں نہیں بلکہ بیٹنگ میں ایک اعزاز اپنے نام کیا ہے اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ ناٹ آؤٹ رہنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔
جیمز اینڈرسن نے یہ اعزاز ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں اپنے نام کیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں 100 مرتبہ ناٹ آؤٹ رہنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بنے۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم اگرچہ یہ میچ ہار گئی مگر جیمز اینڈرسن پہلی اننگز میں ناٹ آؤٹ رہ کر یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
اس فہرست میں ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ باؤلر کورٹنی والش دوسرے نمبر پر ہیں جن کے پاس 61 مرتبہ ناٹ آؤٹ رہنے کا اعزاز ہے اور تیسرے نمبر پر سری لنکا کے سابق سپنر متھایا مرلی دھرن ہیں جو 56 مرتبہ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ چوتھے نمبر پر انگلش فاسٹ باؤلر باب ویلس ہیں جو 55 مرتبہ ناٹ آؤٹ رہے۔