لاہور: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بلوں نادہندہ پراپرٹیز کے خلاف گرینڈ آپریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے تحت نادہندہ عمارات اور نادہندہ صارفین کے نام پر نصب ایک کنکشن کا بل جمع نہ ہونے پر اسی نام پر لگائے گئے دیگر کنکشن بھی کاٹ دئیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو نے شہر میں 16 ارب روپے کی نادہندہ پراپرٹیز سے واجبات کی وصولی کیلئے پراپرٹی پر ایک کنکشن کا بل جمع نہ ہونے پر باقی تمام کنکشن منقطع کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں اور اب گھریلو، کمرشل اور صنعتی سیکٹرز میں نادہندہ پراپرٹیز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو نے نادہندہ صارفین کے کنکشن منقطع کر کے ڈیڈ ڈیفالٹر کی فہرست میں شامل کئے جس پر صارفین نے بلز جمع کروانے کی بجائے ملازمین کی ملی بھگت سے نیا کنکشن لے کر بجلی کا استعمال شروع کر دیا حالانکہ قوانین کے مطابق بلزکی عدم ادائیگی پر گھر یا عمارت لیسکو کی نادہندہ ہوتی ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے کنکشنز لینے کی وجہ سے کمپنی میں ڈیڈ ڈیفالٹرز کی طرف 16 ارب روپے واجب الادا ہو گئے ہیں تاہم اب لیسکو نے نادہندہ پراپرٹیز سے وصولی کیلئے دیگر کنکشن منقطع کرنے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ لیسکو نے ڈیڈ ڈیفالٹرز کے ناموں پر نصب دیگر کنکشنز کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے اور عدم ادائیگی پر ڈیڈ ڈیفالٹرز سے ریکوری کیلئے رننگ کنکشن منقطع کرنا لازم قرار دیا گیا ہے۔
لیسکو کا بلوں کے نادہندگان کیخلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ
12:27 PM, 20 Dec, 2021