لاہور: احتساب عدالت نے شہباز شریف کے شریک ملزم احمد علی پر فرد جرم عائد کر دی۔ملزم کی طرف سے صحت جرم سے انکار پر عدالت نے اگلی سماعت میں گواہ کو طلب کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نون کے صدر اور اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز، آشیانہ اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت احتساب عدالت میں ہوئی جس میں شہباز شریف پیش ہوئے۔
احتساب عدالت میں حمزہ شہباز کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی جس میں کہا گیا کہ طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہوسکتے۔
عدالت نےشہبازشریف کے شریک ملزم احمد علی پر فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیا جس پر ملزم نے صحت جرم سے انکار کردیا جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب گواہ کو طلب کرلیا۔
نیب نے حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست پر جواب جمع کرا دیا، عدالت نے بریت کی درخواست پر دلائل کے لیے 10 جنوری کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔شہباز شریف کے خلاف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کی سماعت بھی 10 جنوری تک ملتوی کردی۔