اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری نے کہا ہے کہ پارلیمان ایک سپریم ادارہ ہے وہ چیئرمین نیب سمیت کسی بھی سرکاری ملازم کو طلب کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے نہ آنے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کرسکتا ہے۔ توقع ہے کہ چیئرمین نیب پارلیمان کی عزت و تکریم اورقوانین کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے طلب کرنے پر ضرورحاضر ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان سے سپریم کوئی ادارہ نہیں ہر سرکاری ادارے اور اس کے ملازم پر فرض ہے کہ اگر پارلیمان کی کوئی کمیٹی ریکارڈ پیش کرنے کیلئے ان کو طلب کرے تو انہیں لازماً پیش ہونا پڑتا ہے اگر وہ پیش نہیں ہوتے تو وہ پارلیمنٹ کی توہین کے مرتکب ہوں گے لہذا انہیں لازمی پیش ہونا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ہر سرکاری ملازم پر فرض ہے کہ وہ پارلیمان کی خودمختاری کا احترام کرے ۔ چیئرمین نیب کو ابھی بطور مجرم نہیں بلکہ بطور چیئرمین نیب بلارہے ہیں تاکہ وہ ریکارڈ پیش کریں اور ان کا معائنہ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہاکہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں حتیٰ کہ عدالتیں بھی قانون کے تابع ہیں قانون سے ہرگز بالاتر نہیں ہیں۔سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری نے کہا کہ قانون سب کیلئے یکساں ہے۔ پارلیمان آئین کے مطابق خودمختار ادارہ ہے۔